او آئی سی کی سویڈن،ڈنمارک میں بار بار قرآن کی بے حرمتی کی مذمت

جدہ ( اُمت نیوز ) آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن ( او آئی سی ) نے سویڈن اور ڈنمارک میں بار بار قرآن کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔
جدہ میں منعقدہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 18 ویں غیر معمولی اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک قرارداد میں اسلامی ادارے نے سویڈن اور ڈنمارک دونوں ممالک کے حکام کی جانب سے اس طرح کی کارروائی کی اجازت دینے پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2686 (2023) کا حوالہ دیتے ہوئے او آئی سی کے مندرجات میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے حکام کو ایسی کارروائیوں کو دوبارہ ہونے سے روکنے کے لیے اقدامات کرنے چاہییں۔
قرارداد کے مطابق او آئی سی نے یورپی یونین کے کمیشن کے ساتھ بات چیت کے لیے سیکرٹری جنرل کی قیادت میں ایک وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا جس کا مقصد آزادی اظہار کی آڑ میں ان مجرمانہ کارروائیوں کی روک تھام کا مطالبہ کرنا ہے۔
او آئی سی نے آزادی اظہار کے نام پر قرآن مجید اور دیگر مذہبی کتابوں کے تقدس کو مجروح کرنے کی تمام کوششوں کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف متحد ہو جائیں۔
او آئی سی نے اس بات پر زور دیا کہ اظہار رائے کی آزادی کا استعمال ذمہ داری اور فرض کے احساس کے ساتھ ہونا چاہیے۔
متفقہ کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے او آئی سی نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ ان ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات میں مناسب فیصلے اور اقدامات کرنے پر غور کریں جہاں قرآن کی بے حرمتی جاری ہے، خاص طور پر سویڈن اور ڈنمارک میں۔