برکینا فاسو(اُمت نیوز)افریقی ملک برکینا فاسو میں شدت پسندوں کے حملے میں 53 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شدت پسندوں کے حملے میں مرنے والوں میں 17 فوجی اور 36 شہری رضاکار فوجی شامل ہیں، شدت پسندوں کے حملے میں 30 سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ برکینا فاسو کی فوج نے جوابی حملے میں شدت پسندوں کے بیشتر جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم حکام کی جانب سے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل برکینا فاسو میں 28 افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جس سے متعلق حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ مشرقی افریقی ملک برکینا فاسو گزشتہ ایک دہائی سے انتہاپسندی اور دہشتگردی کا شکار ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ کے دوران اب تک ہزاروں شہری اور سینکڑوں فوجی ہلاک جبکہ لاکھوں افراد ہجرت کر چکے ہیں۔