نئی دہلی : بھارت میں بے قابو ٹرک نے ہائے وے پرکھڑے مسافروں کو روند ڈالا جس سے 11 افراد ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجھستان کے علاقے بھرت پور میں بے قابو ٹرک بس میں گھس گیا جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق راجھستان سے اترپردیش جانے والی بس فیول ختم ہونے کے باعث ایک پل پر کھڑی تھی۔ ڈرائیور سمیت کچھ مسافر بس سے اتر کر کھڑے تھے کہ تیز رفتار ٹرک نے انہیں روند ڈالا۔ حادثے میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ہلاک ہونے والوں میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پولیس نے حادثے کی ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔