پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 26 روپے سے زائد کا اضافہ

اسلام آباد : نگران حکومت نے مہنگائی اور بجلی کے بلوں سے ستائے عوام پر تیسرا پٹرول بم گرا دیا، قیمت میں 26 روپے2 پیسے کا بڑا اضافہ کر دیا گیا جس کےبعد پٹرول اورڈیزل کی قیمتیں ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 26 روپے 2 پیسے کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 56 پیسے ہوگئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل 17 روپے34 پیسے مہنگا کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 329 روپے 18 پیسے ہوگئی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔