بھارت میں چند روز بعد شروع ہونے والے ورلڈکپ کے لیے افغان ٹیم میں شامل نوجوان فاسٹ بولر نے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق 2 سال سے بھی زائد عرصے بعد کم بیک کرکے ون ڈے ٹیم میں جگہ بنانے والے 24 سالہ افغان فاسٹ بولر نوین الحق نے ورلڈکپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے سب کو حیران کر دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نوین الحق نے لکھا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا بہت ہی فخر کی بات ہے لیکن میں ورلڈکپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو جاؤں گا تاہم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے اپنی ٹیم کو دستیاب رہوں گا۔
نوجوان فاسٹ بولر نے مزید لکھا کہ "یہ بہت ہی مشکل فیصلہ ہے لیکن اپنے کیرئیر کو طویل کرنے کے لیے یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑا، افغان کرکٹ بورڈ اور تمام چاہنے والوں کا سپورٹ کرنے کے لیے بہت شکریہ”۔