اماراتی قونصل جنرل کی یو مائیکروفنانس بینک کے نئے صدر سے ملاقات

کراچی (رپورٹ: محمد اعظم خان)متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے نو منتخب صدر‘‘یو مائکروفنانس بینک’’ محمد عیسیٰ الطاہری کا جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر گرم جوش استقبال کیا۔ صدر و سی ای او ‘‘یو مائکرو فنانس بینک، قونصل جنرل سے تفصیلی ملاقات کیلئے ائیرپورٹ سے یو اے ای کونسلیٹ پہنچے۔ملاقات میں دونوں اہم شخصیات کے درمیان یو مائکرو فنانس بینک کی ترقی اور پاکستانی کی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ٹیلی کام اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے سب سے بڑے ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ جانب سے یو مائیکرو فنانس بینک کا نیا صدر و سی ای او مقررکیئے جانے والے محمد عیسیٰ الطاہری کےگزشتہ روز کراچی پہنچنے پرقونصل جنرل یو اے ای کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے جناح انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔

بعد ازاں نو منتخب صدر و سی ای او یو مائکروفنانس بنک محمد عیسٰی الطاہری یو اے ای کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق سے تفصیلی ملاقات کیلئے یو اے ی قونصلیٹ کراچی پہنچے۔ اس موقع پر قونصل جنرل نے محمد عیسیٰ الطاہری کو پی ٹی سی ایل کی جانب سے یو مائکرو فنانس بینک کا صدر و سی ای او منتخت ہونے پر تہہ دل سے مبارک باد پیش کی اور یو مائکرو فنانس بنک میں عیسیٰ الطاہری تعیناتی کو پاکستان کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے معیشت کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ، یو مائکرو فنانس بنک کے ساتھ بطور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن رہنے سمیت 20 سال سے زائد اہم ترین عہدوں پر پیشہ ورانہ تجربہ رکھنےوالے محمد عیسٰی الطاہری کا یو مائکرو فنانس بنک کے صدر و سی ای او کے عہدے پر منتخب ہونا ان کی بہترین صلاحیتوں کا ثبوت ہے ۔

مجھے امید ہے کہ عیسٰی الطاہری نا صرف یو مائکرو فنانس بنک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے بلکہ پاکستانی معیشت کی بحالی میں بھی بے انتہا معاون ثابت ہوں گے ۔متحدہ عرب امارات اور پاکستان دیرینہ تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بخیت عتیق الرومیت نے کہا کہ، یو اے ای اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات بے غرض اور بے لوث دوستی کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، یو اے ای ہمیشہ پاکستان کو ایک کوشحال اور مستحکم دوست کے روپ میں دیکھنے کا خواہش مند ہے ۔پاکستانی معیشت کی بحالی کیلئے یو اے ای پاکستان کی مختلف صنعتوں میں طویل مدّتی بھاری سرمایہ کاری سمیت دیگر دوست ممالک کےذریعے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے راہیں ہموار کر رہا ہے ۔قونصل جنرل نے نو منتخب صدر و سی ای او یو مائکرو فنانس بینک محمد عیسٰی الطاہری کو ایشیا کے سب سے بڑے ویزہ سینٹر اور یو اے ای کونسلیٹ کے اہم شعبوں کا دورہ کرایا اور انہیں یو اے ای قونصلیٹ کی جانب سے اعزازی شیلڈ بھی پیش کی ۔