کراچی: اورنگی ٹاﺅن میں پولیس وردی اورسادہ لباس میں ملبوس درجن سے زائد افراد نے اسلحے کے زورپراہلخانہ کو یرغمال بنالیا اور2 کروڑ سے زائد نقد رقم ،80 تولہ کے طلائی زیورات،متعدد موبائل فونز، لیپ ٹاپ اوردیگرقیمتی سامان لوٹ کر فرارہوگئے۔ نامعلوم مسلح افراد 2 بھائیوں کو بھی اپنے ساتھ لے گئے جنہیں بعد میں بلوچ کالونی پل پراتاردیا۔مسلح ملزمان ایک ویگو گاڑی،پولیس موبائل، ایک مہران کار اور 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، پونے دو گھنٹے تک لوٹ مار کرتے رہے اور گھر میں لگے سی سی ٹی وی کمیرہ کا ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے۔
واردات ہفتے اوراتوارکی درمیانی شب پیرآباد تھانے کے علاقےسیکٹرفائیو ای میں سینیٹری سامان کا کاروبار کرنے والے عمران،عامر اور شاکر کے گھرمیں ہوئی۔متاثرہ دکان دارعمران نے بتایا کہ شب 2 بج کر20 منٹ پر پولیس یونیفارم اورسادہ لباس میں ملبوس درجن سے زائد ملزمان ان کے گھر میں داخل ہوئے اور اپنا تعلق محکمہ پولیس نے ظاہرکرتے ہوئے بتایا کہ انہیں گھر میں اسلحہ کی موجودگی کی اطلاع ملی ہے ،انہوں نے تمام گھر والوں کواسلحہ کے زور پرایک جگہ جمع کرلیا اورکمروں کی تلاشی لینے کے لگے جس کے دوران گھرمیں موجود2 کروڑ سے زائد کی نقد رقم ،70 سے 80 تولے مالیت کے طلائی زیورات،متعدد موبائل فونز، لیپ ٹاپ اوردیگرقیمتی سامان لوٹ کر فرارہوگئے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ پڑوسی گھر میں لگے سی سی ٹی وی کی فوٹیجز حاصل کرلی ہیں ۔ایس ایچ او عمران آفریدی نے بتایا کہ سیاہ رنگ کی ویگو گاڑی اور پولیس موبائل میں سوار جوانوں نے واردات کی ہے ۔ مدعی دکاندار کوتھانے طلب کیا ہے جن کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کی جائے گی۔