دبئی : انڈر-19 ایشیاکپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔
اذان اویس نے شاندرا سنچری بنائی وہ 130گیندوں پر 105 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے،سعد بیگ 51 گیندوں پر 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان کو حریفوں کو شکست دینے میں مدد کی۔ اوپننگ بلے باز شاہ زیب خان نے 88 گیندوں پر 63 رنز بنائے۔ پاکستان نے مقررہ ہدف 47 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔ اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، ارشین کلکرنی 24 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے جبکہ رودر پٹیل ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
تیسری وکٹ کی شراکت میں آدرش سنگھ اور بھارتی کپتان ادے سہارن 94 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم آدرش 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مشیر خان 2، ارویلی اویناش 11، مروگن ابھیشیک 4 اور راج لمبانی 7 رنز بناسکے۔
میچ کے اختتامی اوورز میں سچن داس نے 3 چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے محمد ذیشان نے 4، عبید شاہ اور عامر حسن 2،2 جبکہ عرفات منہاس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتا سعد بیگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انھوں نے کہا کہ کوشش کریں گے میچ کامیابی سمیٹ کر جیت کر تسلسل کو برقرار رکھیں۔
اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان ادے سہارن نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے تاکہ بڑا ہدف دے سکیں۔دوسری جانب گروپ بی کی دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کرچکی ہیں۔