سڈنی( اُمت نیوز) آسڑیلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کی ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔
قومی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا لیے ہیں، سلمان علی آغا 36 اور ساجد خان 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہونے والے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت نہ ہوا۔
اوپنرز عبداللہ شفیق اور ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب نے بیٹنگ کا انتہائی مایوس کن آغاز کیا اور بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے، دونوں نے 2، 2 گیندوں کا ہی سامنا کیا۔
ان کے بعد آنے والے بابر اعظم نے کینگروز کے سامنے تھوڑی مزاحمت کی لیکن وہ بھی 26 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انہیں ایک مرتبہ پھر پیٹ کمنز نے پویلین کی راہ دکھائی۔
سعود شکیل بھی اچھی بیٹنگ نہ کر سکے اور صرف 5 رنز پر پیٹ کمنز کے گیند پر ایلکس کیری کو کیچ دے بیٹھے۔
بعدازاں کپتان شان مسعود نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور ٹیم کا مجموعی سکور 96 پر پہنچایا جس کے بعد وہ بھی مچل مارش کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔
آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا مجموعی سکور 190 تک پہنچایا جس میں محمد رضوان کے 88 رنز شامل ہیں مگر قسمت مہربان نہ ہوئی اور رضوان اپنی سنچری سے محض 12 رنز قبل پیٹ کمنز کی گیند پر ایلکس کیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔