صائم ایوب کی ‘نو لک شاٹ’ کی ہر طرف دھوم، شائقین گرویدہ

لاہور: (اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز صائم ایوب کا "نو لک شاٹ” سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے شہرت پانے والے صائم ایوب نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 8 گیندوں پر 27 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کیے۔

صائم ایوب سے سب سے پہلے پی ایس ایل میں "نو لک شاٹ” سے شہرت کمائی تھی۔

اب انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی وہ دھوم مچا رہے ہیں، 12 جنوری کو پاکستان کی طرف سے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں صائم نے 8 گیندوں پر 27 رنز کی مختصر لیکن دھواں دھار اننگز کھیلی۔

صائم کی بیٹنگ کی خاص بات ان کا "نو لک شاٹ” تھا جو کہ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا۔

 

البتہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 46 رنز سے شکست دے دی تھی لیکن صائم ایوب جن کا موازنہ پاکستانی لیجنڈ اوپنر سعید انور سے کیا جاتا ہے نے اپنی شاٹس سے آج کافی نئے فینز بنا لیے ہیں۔

صائم نے 337.5 کے سٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کی جو کہ پاکستان کے لیے ریکارڈ ہے، کم سے کم 25 رنز کی اننگز کے لیے یہ کسی بھی پاکستانی کا سب سے زیادہ سٹرائیک ریٹ ہے۔

اس کےعلاوہ صائم نے فیلڈنگ میں 4 کیچز پکڑ کر پاکستان کے لیے ٹی 20 کرکٹ کے ایک میچ میں سب سے زیادہ کیچ پکڑنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔