مچھ کےناکام حملے میں بھی ’’را‘‘ ملوث،ثبوت سامنے آگئے

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ جیل پر دہشت گردوں کے ناکام حملے میں بھی بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کے ثبوت سامنے آگئے، نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی سوشل میڈیا اکائونٹس کے پاس حملے کی اطلاع پہلے سے موجود تھیں، ’’را‘‘ سے منسلک اکائونٹس نے پہلے حملے کی خبر اپنے اکائونٹس سے جاری کی، حملے کے دوران ’’را‘‘ سے جڑے اکائونٹس نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا بھی شروع کردیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت ’’را‘‘ سے جڑے سوشل میڈیا اکانٹس کے ذریعے مسلسل پاکستان میں بدامنی اور انتشار پھیلا رہا، گزشتہ سال سکھ رہنما ہر دیپ سنگھ نجر کا کینیڈا میں قتل اسی سلسلے کی کڑی ہے.

بھارت نے پاکستان سمیت دیگر ممالک میں مختلف معصوم افراد کو دہشتگردانہ کارروائیوں میں قتل کیا، بھارت بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں میں مصروف ہے، اقوام عالم بھارت کی کھلم کھلا دہشت گردی کے خلاف سخت ایکشن لے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان نے پاکستانی شہریوں کے قتل میں ملوث بھارتی ایجنٹس کو بھی بے نقاب کیا تھا، پاکستانی سیکریٹری خارجہ کے مطابق گرفتار بھارتی قاتلوں نے کچھ عرصہ قبل پاکستانی شہری شاہد لطیف کو سیالکوٹ، محمد ریاض کو راولاکوٹ میں قتل کیا تھا، شاہد لطیف اور محمد ریاض کے قتل میں بھارتی ایجنٹس اشوک کمار انند اور یوگیش کمار براہ راست ملوث تھے۔