راولپنڈی:پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے 20 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانزکو3 وکٹوں سے شکست دے کراگلے رائونڈ کیلیے جگہ پکی کرلی، کولن منرو کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ملتان سلطانز کا 229 رنز کاہدف اسلام آباد یونائیتڈ نے آخری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ کامیابی کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ11 پوائنٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ کے آئندہ مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کے آغاز پر اوپنرز کولن منرو اور ایلکس ہیلز کریز پر آئے، کولن نے 13 باؤنڈری شاٹس جن میں 5 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے، کی مدد سے انفرادی 78 رنز بنا لئے۔ دوسری جانب ان کے شراکت دار ایلکس صفرپرکیچ آؤٹ ہو گئے۔ آغا سلمان 2 رنز بنا سکے۔
کپتان شاداب خان نے ففٹی بناتے ہوئے 54 رنز اسکور کیے۔ اعظم خان صفر پر پویلین لوٹ گئے، کولن منرو کو 84 رنز پر جارڈن نے شکار کیا، انہوں نے ملتان سلطانز کے باؤلرز کو 5 چھکے اور 9 چوکے مارے۔ حیدر علی نے جارحانہ شاٹس لگاتے ہوئے 4 چوکے مارے تاہم انہیں 19 کے انفرادی اسکور پر باؤلر محمد علی نے بولڈ کر دیا۔
فہیم اشرف باؤنڈری شاٹ کی کوشش میں 23 کے اسکور پر کیچ آؤٹ ہو گئے، عماد وسیم نے 19 ویں اوور کی سیکنڈ لاسٹ گیند پر 6 اور آخری بال پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کوفتح سے ہمکنار کر دیا۔
قبل ازیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 میں ملتان سلطانز نے عثمان خان کی شانداری سنچری کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 229 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا، ملتان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 228 رنز بنائے تھے۔
ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے۔
اوپنر یاسر خان اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 44 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کپتان رضوان 20 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یاسر خان 33 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں جونسن چارلس نے 16 گیندوں پر 42، کپتان محمد رضوان 20، افتخار احمد 13 جبکہ کرس جارڈن 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے جارحانہ کھیل پیش کرنے والے اوپننگ بلے باز عثمان خان نے پی ایس ایل کی تیسری سینچری اسکور کی، انہوں نے 50 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے 2، نسیم شاہ اور حنین شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔