گورکھ پور: بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک خاتون اپنے افیئر پر شوہر سے جھگڑے کے بعد بجلی کے کھمبے پر چڑھ گئی۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق تین بچوں کی ماں 34 سالہ سُمن کا کسی شخص سے افیئر چل رہا تھا اور وہ بضد تھی کہ اُس شخص کو بھی شوہر کی حیثیت سے گھر میں رہنے دیا جائے۔ سُمن کے شوہر رام گووند نے یہ مطالبہ ماننے سے صاف انکار کردیا تو دونوں میں جھگڑا ہوا۔
گھریلو جھگڑے کے بعد عورت اپنے آپ کو ختم کرنے کے لیے بجلی کے کھمبے پر چڑھ گئی۔ یہ واقعہ گورکھ پور شہر کے علاقے پیپرائچ کا ہے۔ پولیس نے بجلی کے محکمے کی مدد سے عورت کو کھمبے سے اتارا۔ وہ ہائی ٹینشن تار پکڑنا چاہتی تھی مگر پولیس نے اُسے ایسا کرنے سے روک دیا۔
مقامی باشندوں نے اس عورت کو کھمبے پر چڑھتے ہوئے دیکھ کر پولیس کو مطلع کیا۔ ساتھ ہی بجلی کے محکمے کو مطلع کرکے بجلی کی فراہمی بھی رکوائی گئی۔ اس واقعے کی وڈیو بھی وائرل ہوئی ہے۔ پولیس نے سُمن کو کھمبے سے اتارنے کے بعد اُس کے شوہر کے ساتھ گھر بھیج دیا۔