تہران: ایرانی ہلالِ احمر نے کہاہے کہ ابراہیم رئیسی کی میت ایمبولینس کے ذریعے تبریز منتقل کر دی گئی ہے۔
ایرانی ہلال احمر کے سربراہ پیر حسین كليوند نے کہا ہے کہ حادثے کے شکار ہیلی کاپٹر کی کھوج کے لیے شروع کیا گیا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔
خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق انھوں نے کہا کہ ہم شہدا کی میتیں تبریز منتقل کرنے کے مرحلے میں ہیں۔
پیر حسین كليوند نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام مسافروں کی میتیں ایمبولینس کے ذریعے ایران کے شمال مغربی شہر تبریز کے ایک قبرستان لے جائی جا رہی ہیں۔
ادھر ایرانی کابینہ نے ابراہیم رئیسی کی ہلاکت پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے جس کے مطابق رئیسی نے ’اپنی زندگی ایرانی عوام کی خدمت میں گزاری۔‘
ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے ابراہیم رئیسی کی ہلاکت پر پانچ روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ افسوس ناک واقعہ خدمات سر انجام دیے جانے کے دوران ہوا۔ اس نیک اور بے لوث شخص نے پوری زندگی عوام، ملک اور اسلام کی خدمت میں گزاری۔‘
اس پیغام میں رہبر اعلیٰ نے ہلاک ہونے والے حسین امیر عبداللہیان کو ’مجاہد اور متحرک‘ وزیر خارجہ قرار دیا۔
انھوں نے اس حوالے سے بھی ذکر کیا کہ اب محمد مخبر عبوری صدر کی حیثیت سے کام کریں گے۔ وہ مقننہ اور عدلیہ کے ساتھ مل کر 50 روز میں نئے صدر کے انتخاب کو یقینی بنائیں گے۔
ادھر ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ابراہیم رئیسی کی نماز جنازہ 21 مئی کو تبریز میں ہوگی۔