بھارتی فوج کے زیر استعمال سرویلنس ڈرون غلطی سے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کرکے پاکستانی حدود میں داخل ہوگیا، جس پر بھارت کی چیخیں نکل گئی ہیں اور اب بھارتی حکام پاکستان سے اپنا ڈرون واپس مانگ رہے ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی فوج نے بتایا کہ ڈرون بھمبر گلی کے علاقے میں ایک ٹیسٹ ٹریننگ پر محو پرواز تھا، تکنیکی مسئلے کی وجہ سے آپریٹر اس کا کنٹرول کھو بیٹھا اور ڈرون ایل او سی کے دوسری طرف جا گرا۔
بھارتی اخبار ”دی ہندو“ کے مطابق ، یہ واقعہ جمعہ 23 اگست کو صبح 9:25 بجے کے قریب پیش آیا، منی ڈرون ’بھارتی علاقے کے اندر‘ تربیتی مشن پر تھا۔
میڈیا کے مطابق بھارتی فوج نے بیان میں کہا کہ وہ ڈرون پاکستانی فوجیوں کو ملا جسے انہوں نے قبضے میں لے لیا۔
بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستانی فوج کو ڈرون واپس کرنے کے لیے ہاٹ لائن پر پیغام بھیجا تھا۔