علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے آج عدالت میں پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد(اُمت نیوز)سیشن کورٹ نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے آج عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے وزیر اعلی کے پی کے علی امین گنڈا پور کیخلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

سول جج شائستہ خان کنڈی نے علی امین گنڈاپور کی طبی بنیاد پرحاضری معافی کی درخواست مستردکرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے تحریری حکم نامے میں کہا تھا کہ راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے علی امین گنڈا پور کی آج عدالت پیشی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن آج بھی پیش نہ ہوئے اور حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ وزیراعلیٰ کے پی کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ بھی لگایا گیا، ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ متعدد سماعتوں پر پیش نہیں ہوئے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ متعدد مواقع فراہم کیے جانے کے باوجود علی امین گنڈاپور 342 کا بیان ریکارڈ نہیں کروا رہے، ایس ایچ او تھانہ بارہ کہو وزیراعلیٰ کو گرفتار کر کے 5 ستمبر کو عدالت میں پیش کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔