مغربی کنارے میں الجزیرہ کی نشریات ٹی وی اور ویب سائٹس پر بند ہوگئیں، فائل فوٹو
مغربی کنارے میں الجزیرہ کی نشریات ٹی وی اور ویب سائٹس پر بند ہوگئیں، فائل فوٹو

اسرائیلی فوج کا رام اللہ میں الجزیرہ کے دفترپرحملہ،نشریات بند

دبئی: اسرائیلی نے مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ میں الجزیرہ کے بیورو آفس پر حملہ کردیا اور عدالتی حکم کے نام پر 45 دن کے لیے چینل بند کروا دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے اہلکار الجزیرہ کے بیورو آفس میں داخل ہوگئے، نشریات روک دی، توڑ پھوڑ کی، صحافیوں کو ہراساں کیا اور گاڑیوں کو آگ لگا دی۔

دفتر میں لگیں شہید صحافیوں کی تصاویر بھی پھاڑ دیں۔ اسرائیلی فوجیوں نے دفتر میں موجود آلات اور دیگر سامان کو بھی ضبط کرلیا۔ ویب سائٹ کو بھی بلاک کردیا۔

جس کے بعد مغربی کنارے میں الجزیرہ کی نشریات ٹی وی اور ویب سائٹس پر بند ہوگئیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ الجزیرہ کی نشریات کی 45 دن کے لیے بندش عدالت کے حکم پر کی گئی۔

تاہم الجزیرہ کے صحافیوں نے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی جارحیت اور حملوں کی رپورٹنگ کرتے رہے۔

دفتر کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے سڑک پر موجود نامہ نگاروں سے آخری مائیکروفون اور کیمرہ چھین لیا اور ولید العمری کو زبردستی دفتر سے باہر نکال دیا۔

انھوں نے اس نیٹ ورک کے رپورٹر شیرین ابو عقل کا پوسٹر بھی اتار دیا ہے جسے اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں گولی مار دی تھی۔