نئی دہلی: بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں ہندو انتہاپسندتنظیموں نے مسلمانوں کے معاشی اور اقتصادی بائیکاٹ کے لئے گھر گھر مہم شروع کر دی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شملہ کی سنجولی مسجد کے خلاف ہندوتو اتنظیموں کی طرف سے شروع کی گئی نفرت انگیز مہم اب پورے ہماچل پردیش میں پھیل چکی ہے۔
ریاست میں کانگریس کی حکومت اس معاملے میں خاموش ہے جبکہ کانگریس کے ریاستی وزیر بھی مسلمانوں اور اسلام کے خلاف بی جے پی رہنماﺅں کی زبان بول رہے ہیں ۔ ہندوتو اتنظیمیں مسلمانوں کے معاشی اور اقتصادی بائیکاٹ کے لئے گھر گھر مہم چلا رہی ہیں اورلوگوں میں پمفلٹ تقسیم کر کے مسلمانوں کی دکانوں اور ٹھیلوں سے سامان نہ خریدنے کی اپیل کررہی ہیں۔ ہمیر پور کے مسلمانوں نے خوف و ہراس کے اس عالم میں اپنا کاروبار سمیٹ کر دکانیں بند کر دی ہیں
۔دیو بھومی جاگرن منچ نامی شدت پسند تنظیم کے نام سے گھر گھر ایک پمفلٹ تقسیم کیا جا رہا ہے جس میں ہندوﺅں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ مسلمانوں کا اقتصادی اور معاشی بائیکاٹ کریں، باہر کے کسی شخص کو دکان کرایہ پر نہ دیں اور نہ ہی باہر سے آئے کاریگروںسے کام کرائیں۔کسی مسلمان درزی سے کپڑے نہ سلوائیں ،کھانے پینے اور دیگر ضرورت کا سامان صرف ہندو دکانداروں سے ہی خریدیں۔