شکیب الحسن کو جنوبی افریقا کیخلاف ہوم سیریز کھیلنے کا گرین سگنل مل گیا

 

بنگلا دیش(اُمت نیوز)بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن کو جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے کا گرین سگنل مل گیا۔

شکیب الحسن ایک قتل کے مقدمے میں نامزد ہیں، قتل کے مقدمے میں نامزد ہونے کے بعد وہ وطن نہیں گئے۔

آل راؤنڈر شکیب الحسن پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کے بعد انگلینڈ گئے اور پھر بھارت میں ٹیم کو جوائن کیا۔

اس حوالے سے بی سی بی کرکٹ آپریشنز شہریار نفیس کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن کے بنگلا دیش میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں، حکومت کی جانب سے واضح پیغام ہے کہ کسی کو غیر منصفانہ طور پر ہراساں نہیں کیا جائے گا۔

شہریار نفیس نے بتایا کہ انجری یا فارم کی وجہ سے شکیب الحسن کا منتخب نہیں ہونا وہ الگ چیز ہے، ویسے ان کے کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔

حکومتی لاء ایڈوائزر شکیب الحسن کے وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کا کہہ چکے ہیں۔

جنوبی افریقا نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اکتوبر میں بنگلا دیش کا دورہ کرنا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 اور دوسرا ٹیسٹ 29 اکتوبر سے شیڈول ہے۔