تال ابیب: اسرائیل نے حزب اللہ کے بیلسٹک میزائل حملے کی تصدیق کردی جس کے بارے میں ایران کی حامی تنظیم نے دعویٰ کیا تھا کہ میزائل حملے سے تل ابیب کی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
غیرملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق حزب اللہ نے کہا تھا کہ اس نے اسرائیل کی موساد انٹیلی جنسی کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بناتے ہوئے قادر ون بیلسٹک میزائل فائر کیا۔
ابتدائی طور پر اسرائیل نے حزب اللہ کے بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ اب تل ابیب نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے لبنان سے داغے گئے میزائل کو سینٹرل اسرائیل میں غیر موثر کردیا۔
واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کی جانب سے فائر کیے گئے میزائل اسرائیلی شہروں تک پہنچے ہیں۔ موساد ہیڈ کوارٹر کے قریب حزب اللہ کے میزائل کو ناکام بنا دیا گیا۔
میڈیا کے مطابق جیسے ہی میزائل تل ابیب کی فضائی حدود میں داخل ہوا تو سائرن بجا دیے گئے۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ میزائل حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں پہنچا۔