ایران کی جانب سے جان کو شدید خطرہ ہے،ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(اُمت نیوز) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے جان کا شدید خطرہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس(ٹوئٹر) پر بیان میں ریبپلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی طرف سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ میری جان کو ایران کی جانب سے شدید خطرہ ہے۔ ایران نے پہلے بھی ایسی کوششیں کیں ہیں جو کامیاب نہیں ہوئیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئیں۔

سابق امریکی صدر کا مزید کہنا تھا ایران کی طرف سے میری جان کو لاحق خطرے کو امریکی فوج دیکھ رہی ہے اور انتظار کررہی ہے۔ ٹرمپ نے سیکریٹ سروس کے لیے اضافی فنڈز دینے کی منظوری پر کانگریس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طنزیہ کہا کہ میں اب پہلے سے زیادہ آدمیوں اور ہتھیاروں میں گھرا ہوا ہوں۔

جولائی 13 کو پینسلوانیا میں سیاسی ریلی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ معمولی زخمی ہوگئے تھے جبکہ حملہ آور سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں ہلاک ہوگیا تھا۔ فلوریڈا میں 15 ستمبر کو امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے مقام کے قریب فائرنگ کی آواز سنی گئی تھی تاہم ٹرمپ محفوظ رہے تھے۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر کو نیشنل انٹیلی جنس کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں حکام نے ایران کی طرف سے ان کے قتل اور امریکا کو غیر مستحکم کرنے کے حقیقی اور مخصوص خطرات سے آگاہ کیا۔