حسن نصر اللہ کے اختتام سے انصاف کا عمل پورا ہوا،جوبائیڈن

واشنگٹن (اُمت نیوز ) حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت پر امریکی صدر جوبائیڈن کا ردعمل سامنے آ گیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کو اسرائیل کا منصفانہ اقدام قرار دے دیا ۔

سربراہ حزب اللہ حسن نصراللہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ حسن نصر اللہ کے اختتام سے انصاف کا عمل پورا ہوا، حسن نصراللہ اور حزب اللہ سیکڑوں امریکیوں کو ہلاک کرنے کے ذمہ دار تھے، حزب اللہ سربراہ کی موت سے ہزاروں امریکیوں، اسرائیلیوں اور لبنانی شہریوں کو انصاف ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں جنگ بندی ہونی چاہیے ، امریکا حزب اللہ، حماس، حوثیوں اوردوسرے ایرانی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف اسرائیل کے حق دفاع کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران کو مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی سے روکنے کیلئے خطے میں امریکی فوج کی طاقت کو مضبوط کریں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا غزہ اور لبنان میں جاری تنازعات کو سفارتی ذرائع سے کم کرنا چاہتا ہے، یہ وقت ہے اسرائیل کو لاحق خطرات کو دور کرکے مشرق وسطیٰ میں استحکام قائم کیا جائے۔

دوسری جانب حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اورخطے میں ایران کی پراکسیز کو روکنے پر زور دیا۔