پاک انگلینڈ سیریز؛ سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا

ملتان(اُمت نیوز)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان ٹیسٹ کے آغاز سے قبل سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 7 اکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے شائقین کو سہولیات فراہم کرنے اور مہمان ٹیم کی سیکیورٹی کیلئے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

چیف پولیس آفیسر (سی پی او) صادق ڈوگر کا کہنا ہے کہ ملتان ٹیسٹ کیلئے ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے تعاون کے ساتھ 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جاسکے۔

سی پی او ڈوگر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حفاظتی پروٹوکول کو مزید بڑھانے کیلئے اسٹیڈیم کے گرد اہم علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا جارہا ہے۔

میچ میں شرکت کرنے والے شائقین کیلئے فاطمہ جناح ٹاؤن میں پارکنگ دستیاب ہوگی جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے فینز کو اسٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ 15 اکتوبر ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ سیریز کا آخری میچ 24 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔