ایران علاقائی جنگ نہیں چاہتا، فائل فوٹو
ایران علاقائی جنگ نہیں چاہتا، فائل فوٹو

تہران پر اسرائیلی حملے کا منہ توڑ جواب دیں گے، ایران کا امریکا کو پیغام

تہران: ایران نے ایک ثالث کے ذریعے امریکا کو بتایا ہے کہ تہران کے خلاف کسی بھی اسرائیلی حملے کا ”غیرروایتی جواب“ ملے گا جس میں اسرائیلی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔

الجزیرہ کو خصوصی تبصرے میں ایک ایرانی عہدیدار نے کہا کہ ان کے ملک نے قطر کے ذریعے امریکہ کو ایک پیغام بھیجا ہے۔

پیغام میں تہران نے واشنگٹن کو بتایا کہ یکطرفہ خود کو ضبط کرنے کا مرحلہ ختم ہو گیا ہے اور مزید کہا کہ ”انفرادی طور پر خود کو روکنا ہماری قومی سلامتی کے تقاضوں کو محفوظ نہیں بناتا“۔

عہدیدار نے کہا کہ بالواسطہ پیغام میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ایران علاقائی جنگ نہیں چاہتا۔

واضح رہے کہ لبنان پر اسرائیلی حملے کے بعد ایران نے جوابی حملے میں 400 میزائل داغے تھے۔ جس کے بعد تل ابیب نے دھمکی دی تھی کہ تہران کو موثر جواب ملے گا۔ ادھر امریکی میڈیا نے ذرائع کا حوالے دے کر کہا تھا کہ اسرائیل تہران پر حملے گا۔

امریکا واضح کرچکا ہے کہ واشنگٹن اسرائیل اس مؤقف کی حمایت نہیں کرے گا جس میں تل ابیب نے کہا تھا کہ وہ ایران کے ایٹمی اثاثوں کو نشانہ بنائے گا۔