زخمیوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے، فائل فوٹو
زخمیوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے، فائل فوٹو

اسرائیل میں چاقو بردار شخص کا راہگیروں پر حملہ،6 افراد شدید زخمی

تل ابیب: اسرائیلی شہر حدیرہ میں چاقو بردار شخص کے حملے میں کم از کم 6 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے2 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق موٹر سائیکل سوار نوجوان نے راہگیروں پر پہ در پہ چاقو کے وار کیے۔ زخمیوں کو گہرے گھاؤ آئے ہیں جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

زخمیوں میں سے 2 کی حالت نازک ہونے سبب انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے جب کہ 3 کی حالت بھی تشویشناک ہے ایک کو درمیانے درجے کا زخم ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ ماہرین پر مشتمل طبی ٹیم علاج معالجے میں مصروف ہے۔

اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حدیرہ میں چھرا گھونپنا دہشت گردانہ حملہ تھا، مشتبہ حملہ آور کو تعاقب کے بعد مار دیا گیا۔

حملہ آور کی شناخت عرب شہری 36 سالہ احمد جبرین کے نام سے ہوئی بتایا ہے جو قریبی شہرام الفہم کا رہائشی ہے۔ جس کا مجرمانہ ریکارڈ تلاش کیا جا رہا ہے۔