تل ابیب: اسرائیلی میڈیا نے یکم اکتوبرکو ہونے والے ایرانی حملے کواب تک کا سب سے مہنگا حملہ قرار دیا جس میں اسرائیل کو بے پناہ مالی نقصان پہنچا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوج نے ایرانی حملے سے متعلق تفصیلات تاحال جاری نہیں کیں مگر نقصانات کے حوالے سے لگ بھگ 2500 اسرائیلیوں نے انشورنس کے دعوے جمع کرائے ہیں جس سے اسرائیل کے نقصانات کاابتدائی تخمینہ لگایا جاسکتا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی تجارتی مرکز تل ابیب میں 2500 گھروں کو نقصان پہنچا اور ایرانی حملے میں اسرائیل میں گھروں کو 53 ملین ڈالرزکا نقصان ہوا۔
خبر کے مطابق حملے میں اسرائیل کے 2 فوجی مراکز کو بھی شدید نقصان پہنچا، اسرائیلی فضائیہ کے تیل نوف اور نیو اتم مراکز کے نقصانات کی تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی حملہ ایک سال پہلےجنگ کے آغازکے بعد سے سب سے مہنگا حملہ ہے،ایرانی میزائل روکنےکے بعدملبہ گرنےکے نقصانات کا بھی تخمینہ ابھی جاری نہیں ہوسکا۔