تل ابیب: اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے ایران پر مہلک جوابی حملہ جلد کرنے کی دھمکی دیدی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے ان خیالات کا اظہار یرغمالیوں کے اہل خانہ کے دائیں بازو کے ایک فورم سے گفتگو میں کیا۔
اسرائیلی وزیر دفاع سے ملاقات میں یرغمالیوں کے اہل خانہ نے شکایتوں کے ڈھیر لگا دیے اور یرغمالیوں کی اب تک بحفاظت واپسی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔جس پر اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ وہ ایک ایک یرغمالیوں کی بازیابی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے یرغمالیوں کے اہل خانہ کے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ایران کو مہلک اور عین مطابق جوابی حملہ جلد ہی کیا جائے گا۔تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ ایران پر جوابی حملہ کس نوعیت کا ہوگا۔
حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کے اہل خانہ ان کی بحفاظت واپسی میں ناکامی پر نیتن یایو اور ان کی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔
یاد رہے کہ یکم اکتوبر کو ایران نے اسرائیل پر سیکڑوں بیلسٹک میزائل داغے تھے جو جدید ترین فضائی دفاعی نظام کو چکمہ دیتے ہوئے صہیونی ریاست کی سرزمین میں داخل ہوگئے تھے۔