فلسطین نے انروا پر پابندی کا اسرائیلی فیصلہ مسترد کر دیا

فلسطین(اُمت نیوز)فلسطین کے ایوانِ صدر نے اقوامِ متحدہ کی ریلیف ایجنسی انروا پر پابندی سے متعلق اسرائیلی ووٹ کو مسترد کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی ایوانِ صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یو این ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین انروا پر اسرائیلی پابندی کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ انروا پر پابندی کی اجازت نہیں دیں گے، نام نہاد پارلیمنٹ کا ووٹ ظاہر کرتا ہے کہ اسرائیل فاشسٹ ریاست بن چکا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے انروا پر پابندی پر امریکا کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ برطانیہ نے بھی اسرائیلی پابندی کو غلط قرار دیا ہے۔

پابندی کے اسرائیلی اقدام پر اپنے ردِعمل میں انروا کا کہنا ہے کہ ادارے پر پابندی فلسطینیوں کے مصائب کو مزید گہرا کرے گی، غزہ کے لوگوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو گا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ نے اقوامِ متحدہ کی ریلیف ایجنسی انروا پر پابندی کا بل منظور کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے اسرائیلی حکام اور ریلیف ایجنسی کے درمیان روابط پر پابندی لگائی گئی ہے۔

اسرائیلی پارلیمنٹ نے انروا سے تعلقات منقطع کرنے اور اسے دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی بھی منظوری دے دی۔