فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

اقتدارکی ہوس! ٹرمپ کچرا اٹھانے والے ٹرک میں جا بیٹھے

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کو ”کچرا“ قرار دینے پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ کچرا اٹھانے والے ٹرک پر بیٹھ گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ سبز اور نارنجی رنگ کی ہلکی جیکٹ پہنے ہوئے، کچرا اٹھانے والے ٹرک کی ڈرائیونگ سیٹ پر موجود ہیں۔ یہ جیکٹ عموماً کچرا اٹھانے والے ملازمین پہنتے ہیں۔

ٹرمپ آج اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں امریکی ریاست وِسکنسن پہنچے تھے۔ جب وہ بوئنگ طیارے سے اترے تو سیدھا ایک کچرا اٹھانے والے ٹرک میں جا بیٹھے، جو ان کے انتظار میں تھا۔ بعد میں، انہوں نے کچرا اٹھانے والے ملازمین کی مخصوص جیکٹ پہن کر ایک ریلی سے خطاب بھی کیا۔

سابق امریکی صدر نے کچرا ٹرک میں بیٹھے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا، ”یہ بائیڈن اور کملا ہیرس کے اعزاز میں ہے۔“

واضح رہے کہ چند دن قبل صدر جو بائیڈن نے ٹرمپ کو ناکام ترین شخص قرار دیتے ہوئے ان کے سپورٹرز کو ”کچرا“ کہا تھا۔ تاہم، کملا ہیرس نے بائیڈن کے بیان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کامیابی حاصل کرکے تمام امریکیوں کی نمائندگی کریں گی۔