فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

حزب اللہ کے راکٹ، ڈرون حملوں میں ایک اسرائیلی،4 غیرملکی ہلاک

بیروت: حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جمعرات کی صبح خیام قصبے کے مشرق میں راکٹوں اور بھاری توپ خانے سے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا ۔

اسرائیل کے چینل 12 نے رپورٹ کیا کہ میٹولا کی شمالی اسرائیل کی سرحدی کمیونٹی پر حزب اللہ کے حملے میں ایک اسرائیلی کسان اور4 غیر ملکی کارکنوں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے۔

اس سے قبل حزب اللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بدھ کو کیے گئے حملوں میں حیفا کے جنوب اور تل ابیب کے مشرق میں اسرائیلی فوجی اڈوں اور تربیتی کیمپوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔

حزب اللہ کا اب بھی اپنے بیانات میں کہنا ہےکہ یہ کارروائیاں ’غزہ کی پٹی میں ثابت قدم فلسطینی عوام کی حمایت میں، اور لبنان اور اس کے عوام کے دفاع میں‘ ہیں۔

تنظیم کی جانب سے جاری سلسلہ وار بیانات میں کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے ’12 اسرائیلی فوجیوں کے ایک دستے کو نشانہ بنایا، اور حدیرہ کے مشرق میں میزائلوں اورڈرونز کی مدد سے اسرائیل کی ’این شیمر فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔

اس کے علاوہ حیفا کے جنوب میں الیاکیم کیمپ اور مقبوضہ شہر ایکر کے شمال میں شراگا فوجی اڈے میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ جبکہ تل ابیب کے جنوب مشرق میں قائم اسرائیلی فوجیوں کے خصوصی تربیتی مرکز آدم کیمپ پر بھی میزائل حملے کیے گئے ہیں۔ ‘

حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ  حزب اللہ نے جنوبی حیفا میں اسرائیلی فوج کے تیرہ کارمل فوجی اڈے پر ڈرونز حملہ کیا اور اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

ادھر اسرائیلی براڈ کاسٹنگ کارپوریش نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے ڈرونز کی نگرانی اور ممکنہ ڈرونز حملے کی اطلاع کے لیے ایک نئی حکمت عملی اپناتے ہوئے لبنان کی سرحد کے ساتھ فوجیوں کو تعینات کیا ہے تاکہ وہ ممکنہ ڈرون حملوں کی نگرانی اور پیشگی اطلاع دے سکیں۔

ادارے نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ اس نے لبنان کے تاریخی شہر بعلبیک اور نبطیہ پر حملہ کرتے ہوئے حزب اللہ کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنایا ہے۔