وائٹ ہاؤس کے سامنے فلسطین کے حق میں احتجاج ختم

امریکا(اُمت نیوز)امریکا میں وائٹ ہاؤس کے سامنے فلسطین کے حق میں ہونے والا احتجاج ختم ہو گیا۔

وائٹ ہاؤس کے گرد شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

دوسری جانب امریکا میں صدارتی انتخابات اور تناؤ کے پیشِ نظر واشنگٹن میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

واشنگٹن ڈی سی کی گلیوں میں پولیس اہلکار اور پولیس موبائلز موجود ہیں۔وائٹ ہاؤس کے ارد گرد 8 فٹ اونچی لوہے کی باڑ لگا دی گئی ہے۔

کیپیٹل کی عمارت کے گرد بھی باڑ اور رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں، حفاظتی اقدامات کے تحت کاروباری افراد نے اپنے کاروبار بند کر دیے ہیں۔

اوریگن، پینسلوینیا اور کیلیفورنیا میں زیادہ سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پولنگ کے دوران امریکی ریاست جارجیا کی فلٹن کاؤنٹی کے 5 پولنگ اسٹیشنز پر بم کی افواہیں سامنے آئی تھیں۔