واشنگٹن: نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ الیکشن میں اپنی شکست کا ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ کو ٹھہراتے آئے ہیں اور اپنی انتخابی مہم کے دوران ایسے فوجی افسران کو ہٹانے کا ارادہ بھی ظاہر کرچکے ہیں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم نے پینٹاگون کے ایسے افسران کی فہرست بنانا شروع کردی ہے جنھیں ٹرمپ اپنے عہدے کا حلف اُٹھانے کے بعد برطرف کردیں گے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس فہرست میں چیئرمین اور وائس چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سمیت برّی، بحری، فضائی اور نیشنل گارڈز کے سربراہان بھی شامل ہیں۔
فہرستیں بنانے والی ٹرمپ کی عبوری ٹیم کے قریب سمجھے جانے والے ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ ٹرمپ کے پہلے دورِ اقتدار کے چیف آف اسٹاف مارک ملی کے قریب رہنے والے افسران کی برطرفی کا امکان زیادہ ہے۔
اس فہرست میں اُن افسران کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے جنھوں نے افغانستان نے امریکی فوجیوں کے انخلا کی ناقص منصوبہ بندی کی تھی اور جس سے پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی تھی۔