عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری

لاہور(اُمت نیوز)انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 5 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔

عدالتی فیصلے میں لکھا گیا کہ عمران خان ان مقدمات میں نامزد نہیں تھے، بانی پی ٹی آئی کو ضمنی بیان کی روشنی میں نامزد کیا گیا اور ان پر صرف مجرمانہ سازش کی حوصلہ افزائی کے الزامات ہیں۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ریکارڈ کے مطابق پولیس آفیشلز نے اس سازش کو سنا لیکن حیران کن طور پر پولیس حکام نے اپنے کسی اعلیٰ افسر کو اس سازش کے بارے میں نہیں بتایا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کو 9 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا جس پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے گرفتاری سے متعلق کیس کا فیصلہ سنایا جبکہ عمران خان نے سپریم کورٹ کے سامنے نو مئی کے واقعات کی مذمت کی۔