غزہ،سکول میں پناہ گزین خاندانوں پر اسرائیلی بمباری، 10فلسطینی شہید

 

غزہ (اُمت نیوز ) اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے شاتی پناہ گزین کیمپ پر بمباری کے نتیجے میں 10 فلسطینی شہید ہوگئے ۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے پناہ گزین کیمپوں اور سکولوں کی عمارات پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غزہ میں شاتی کے علاقے میں ایک سکول پر بمباری کی ہے، سکول کی عمارت میں بے گھر فلسطینی خاندانوں نے اپنے بچوں کے ساتھ پناہ لے رکھی تھی، بمباری کے نتیجے میں افراد 20 زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں بچے اور فلسطینی عورتیں بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ابو عاسی سکول پر بمباری کے بعد ملبہ ہٹانے اور ریسکیو کی کارروائی ابھی جاری تھی ، اس لیے ہو سکتا ہے کہ کیمپ کے ملبے سے مزید لاشوں اور زخمیوں کی اطلاع سامنے آئے۔

اسرائیلی فوج نے سکول میں قائم پناہ گزین کیمپ پرابھی اپنے کسی تبصرے یا جواز کے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے۔

ادھر اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز اطلاع دی ہے اس نے دو راکٹوں کو روک لیا ہے، یہ راکٹ غزہ کے شمالی علاقوں سے فائر کیے گئے تھے۔

غزہ میں اسرائیل اپنی تاریخ کی طویل ترین جنگ لڑ رہا ہے اور اس میں اس کے بین الاقوامی سطح پر بڑے اتحادیوں نے اس کی غیر معمولی حد تک جنگی و اسلحی امداد بھی جاری رکھی ہوئی ہے مگر اس کے باوجود غزہ میں جاری مزاحمتی سلسلہ جاری ہے۔

وزارت صحت غزہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیلی بمباری سے کم از کم 30 فلسطینی شہید ہوئے اور جبکہ زخمیوں کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔

واضح رہے اب تک غزہ میں 43799 فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج نے شہید کردیا ہے جن میں بچوں اور عورتوں کی تعداد زیادہ ہےجبکہ ایک لاکھ سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔