روس کے جنگی طیاروں کا یوکرین کے بجلی گھروں پر حملہ

روس فضائیہ کے جنگی طیاروں نے یوکرین کے شہروں کو بجلی فراہم کرنے والے گرڈ اسٹیشنز کو نشانہ بنایا۔

حملے میں بجلی گھروں کو شدید نقصان پہنچا اور مختلف شہروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کی خبر کے مطابق روس کے جنگی طیاروں نے 120 میزائل داغے جبکہ 90 ڈرونز سے بھی مدد لی گئی، اس حملے میں 9 افراد ہلاک ہو گئے۔

یوکرین کے دارالحکومت کیف میں فضائی حملے کی پیشگی اطلاع ملتے ہی سائرن بجائے گئے جس کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد نے زیر زمین ریلوے اسٹیشنز میں پناہ لی۔

یوکرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے روس کے 140 میزائل اور ڈرون مار گرائے ہیں۔

دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے توانائی کے انفرااسٹرکچر پر 210 میزائل اور ڈرون داغے گئے ہیں جس سے شدید نقصان پہنچا ہے۔