برطانیہ(اُمت نیوز)برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ جنگ بندی لبنان اور شمالی اسرائیل کی شہری آبادیوں کو سکون فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران جنگ کی وجہ سے ناقابل تصور نتائج کا سامنا کرنا پڑا، معاہدے کو لبنان میں دیرپا سیاسی حل میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔
کیئر اسٹارمر کا کہنا ہے کہ شہریوں کی گھروں کو واپسی سے سرحد کے دونوں طرف کی کمیونٹیز کو تعمیر نو کی اجازت ملے گی۔
برطانوی وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گا، ہمیں غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی طرف جانے کی اشد ضرورت ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور حزب اللّٰہ نے جنگ بندی کی تجویز مان لی ہے، معاہدے کو دشمنی کے مستقل خاتمے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔