تہران: ایرانی میڈیا کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے پرحملے میں توڑ پھوڑ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں مسلح گروہوں نے دمشق میں واقع سفارت خانے پر دھاوا بول دیا اور لوٹ مار کی۔
العربیہ کی طرف سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ایرانی سفارتخانے کی عمارت کے بیرونی حصے کو پہنچنے والے نقصان کو دکھایا گیا ہے۔ اس عمارت کی کھڑکیاں ٹوٹی ہوئی ہیں اور کمروں کی حالت بھی ابتر ہوئی ہے۔ ان کمروں کے فرش پر پتھر اور کاغذ بکھرے پڑے ہیں۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس عمارت پر لٹکی ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ کی تصاویر کو بھی پھاڑی گئی ہیں۔ یہ دونوں رہنما مارے گئے ہیں اور انھیں ایران میں ہیروز کا درجہ حاصل ہے۔
دمشق میں عراقی سفارتخانہ خالی کرا دیا گیا
اطلاعات کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں عراق کا سفارتخانہ خالی کرا دیا گیا ہے۔ عراقی میڈیا نے ان اطلاعات کی تصدیق کی ہے ان کے سفارتخانے سے عملے کو باہر نکال لیا گیا ہے۔