کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک دھماکے میں ملک کے وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی ہلاک ہوگئے۔ وہ حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بھائی اور موجودہ وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے چچا تھے۔
دھماکہ افغانستان کی وزارت برائے مہاجرین کے دفتر میں ہوا ۔ یہ دھماکہ خود کش تھا جس میں خلیل حقانی سمیت تین افراد ہلاک ہوئے۔ تاحال کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق خلیل الرحمان حقانی کے بھتیجے انس حقانی نے اُن کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
تین سال قبل طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے حقانی افغانستان میں ہونے والے کسی بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے سب سے ہائی پروفائل شخصیت ہیں۔