دوڑنے کے ساتھ چھاتی کے کینسر کی تحقیق کےلئے60 ہزار یورو اکھٹے کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا، فائل فوٹو
دوڑنے کے ساتھ چھاتی کے کینسر کی تحقیق کےلئے60 ہزار یورو اکھٹے کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا، فائل فوٹو

55 سالہ خاتون کاروزانہ 42.5 کلومیٹر دوڑنے کا ریکارڈ

برسلز: بیلجیئم کی بلڈا ڈوسوگن نے 2024 ءمیں روزانہ ساڑھے 42 کلومیٹر دوڑ کر میراتھن ریس میں خواتین کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔انھوں نے 365 دنوں میں 15444 کلو میٹر فاصلہ طے کیا۔اس دوران انہیں فلو، کوویڈ، جوڑوں کے درد سمیت کئی بیماریوں کا سامنا رہا لیکن وہ روزانہ ٹریک پر جاتی رہیں۔ڈوسوگن کی عمر 55 سال ہے اور وہ بائیو انجینئر ہیں۔طویل میراتھن ریس کا مردوں کا عالمی ریکارڈ برازیل کے 55 سالہ ہیوگو فریس کے پاس ہے۔

وہ مسلسل 366 دنوں تک میراتھن ریس کرتے رہے۔اس سے قبل خواتین کا میراتھن ریکارڈ آسٹریلیوی خاتون ارچنا مری بارلٹ کے پاس تھا لیکن یہ ریکارڈ محض 150 دن رہا۔31 دسمبر کی شام ساڑھے 42 کلومیٹر کی دوڑ پوری کرنے کے بعد تھکن سے چور ڈوسوگن کا چہرہ خوشی سے چمک رہا تھا۔

ریس ختم ہونے کامقام گزرنے کے بعد انہوں نے کہا مجھے خوشی ہے آج میرا مشن پورا ہو گیا۔ڈوسوگن کا مشن 2024 ءمیں 365 دنوں تک روزانہ ساڑھے 42 کلومیٹر میراتھن ریس کرنا تھا تاکہ وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والی پہلی خاتون بن جائیں۔ڈوسوگن اپنے اعزاز کا اندراج گینز ورلڈ ریکارڈ میں کرانا چاہتی ہیں تاہم یہ آسان نہیں اور اس کےلئے کئی تقاضے پورے کرنا ہوتے ہیں۔ڈوسوگن پہلے ہی سے اس پر کام کر رہی ہیں۔ جن میں ریس کا جی پی ایس ڈیٹا اکھٹا کرنا، ویڈیو شواہد مہیا کرنا اور آزاد گواہوں کی شہادتیں فراہم کرنا شامل ہیں۔

اگر گینز ورلڈ ریکارڈ آرگنائزیشن فراہم کی جانے والی دستاویزات اور شواہد قبول کر لیتی ہے تو پھرتین مہینوں میں ان کا اندراج عالمی ریکارڈ رکھنے والی خاتون کے طور پر ہو جائے گا۔ 365 دن تک روزانہ ساڑھے 42 کلومیٹر دوڑنا ڈوسوگن کےلئے انتہائی مشکل رہا کیونکہ اس دوران انہیں فلو اور کوویڈ۔19 ہوا۔ گھٹنوں ۔جوڑوں کے درد کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور وقفہ کے بغیر میراتھن جاری رکھی۔انہوں نے ایسوسی ایٹڈ پریس کوبتایا جسمانی سے زیادہ سخت ذہنی دبائو ہوتا ہے۔ طبیعت کیسی بھی ہو، آپ کو روز ٹریک پر پہنچنا اور چار گھنٹے مسلسل دوڑنا ہوتا ہے۔ اس کےلئے مستقل مزاجی اور مضبوط عزم کی ضرورت ہوتی ہے۔ وہ دوڑ کےلئے گینٹ یونیورسٹی ٹاو¿ن کے باہر پانی کے گرد بنے ہوئے ٹریک پر جاتی تھیں، جہاں ان کا بڑا حریف سامنے سے آنے والی ہوا رہی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا گنیز ورلڈ ریکارڈ کےلئے وہ قریباً دس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑتی تھیں اور یہ یقینی بناتی تھیں کہ وہ کم از کم ساڑھے 42 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں تاکہ ریکارڈ کےلئے اعداد و شمار میں مسئلہ نہ ہو۔چونکہ ڈوسوگن ایک کمپنی میں کام کرتی ہیں۔ انہیں میراتھن کےلئے روزانہ چار گھنٹوں سے زیادہ وقت کی ضرورت تھی۔ اس مقصد کےلئے انہیں اپنے معمولات میں تبدیلی کرنا پڑی اور صبح جلد دفتر جانا شروع کیا تاکہ سہ پہر کو ریس کےلئے جا سکیں۔ڈوسوگن کے پاس 15444 کلومیٹر دوڑنے کے ساتھ 60 ہزار یورو اکھٹے کرنے کا اعزاز بھی ہے۔ انہوں نے یہ عطیات چھاتی کے کینسر کی تحقیق کےلیے اکھٹے کیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔