بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں 25 سالہ رجت کمار نے اپنی 21 سالہ محبوبہ منو کاشیپ کے ساتھ زہر کھا لیا۔ اس واقعے میں منو کاشیپ جانبر نہ ہو سکیں جبکہ رجت کمار کی حالت تشویشناک ہے اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے لیکن ان کے خاندان ان کے تعلقات کے سخت خلاف تھے اور ان کی شادیاں کہیں اور طے کر دی گئی تھیں۔ ذات پات کے فرق کی وجہ سے خاندانوں نے ان کی محبت کو قبول نہیں کیا، جس کی وجہ سے دونوں نے مبینہ طور پر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ تاہم منو کاشیپ کی والدہ نے الزام لگایا ہے کہ رجت کمار نے ان کی بیٹی کو اغوا کر کے زہر دیا۔ پولیس اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق رجت کمار دسمبر 2022 میں اس وقت خبروں میں آئے تھے جب انہوں نے اپنے ایک ساتھی نیشو کمار کے ساتھ بھارتی کرکٹر رِشبھ پنت کو ایک خوفناک کار حادثے سے بچایا تھا۔ رِشبھ پنت کی گاڑی دہلی سے اتراکھنڈ جاتے ہوئے روڑکی کے قریب ایک ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی تھی اور اس میں آگ لگ گئی تھی۔
حادثے کے وقت رجت کمار اور نیشو کمار ایک قریبی فیکٹری میں کام کر رہے تھے جنہوں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر رِشبھ پنت کو جلتی ہوئی گاڑی سے باہر نکالا اور طبی امداد کا بندوبست کیا۔ ان کی بہادری کو ملک بھر میں سراہا گیا اور رِشبھ پنت نے بعد میں شکریہ کے طور پر انہیں سکوٹرز تحفے میں دیے تھے۔