فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

حماس کیساتھ معاہدہ طے،اسرائیل 620 قیدی رہا کرنے پر آمادہ

تل ابیب: حماس اور اسرائیل کے درمیان دونوں کے قیدیوں اور مغویوں کی رہائی اور یرغمالیوں کی لاشوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے پر اتفاق ہو گیا جس کے بعد جنگ بندی برقرار رکھی جائے گی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے مذاکرات کے لیے تیار ہو گیا ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ انہوں نے 600 سے زائد فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر ثالثوں کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جنہیں اسرائیل نے گزشتہ ہفتے رہا کیا تھا، اب انہیں اس معاہدے کے تحت جلد آزاد کیا جائے گا جبکہ اسرائیل مزید فلسطینی خواتین اور بچوں کو بھی رہا کرے گا۔

اسرائیلی میڈیا نے بھی اس ڈیل میں حائل رکاوٹ کے خاتمے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قیدی آج رہا کیے جا سکتے ہیں۔

رہائی کے بعد، حماس 4 اسرائیلی مغویوں کی لاشیں مصر کے ذریعے اسرائیل کے حوالے کرے گا۔

امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کا کہنا ہے کہ اسرائیلی نمائندے غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے مذاکرات کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ یہ مذاکرات قاہرہ یا دوحہ میں مصر اور قطر کی میزبانی میں ہوں گے۔

دوسری جانب اسرائیلی اہلکار نے بھی تصدیق کی ہے کہ یرغمالیوں کی لاشوں کی واپسی اور قیدیوں کی رہائی آج یا کل متوقع ہے جبکہ 8 مارچ تک اگر مزید یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا گیا تو جنگ بندی ختم ہو جائے گی۔

اس سے قبل اسرائیل نے حماس کو 3 آپشن دیے تھے جنہیں حماس نے مسترد کرتے ہوئے مسلح مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔