اسرائیل نے غزہ جنگ بندی توسیع کی امریکی تجویز منظور کرلی

اسرائیل نے غزہ جنگ بندی توسیع کی امریکی تجویز منظور کرلی۔

اسرائیلی وزیراعظم دفتر کے مطابق رمضان اور اپریل کے وسط میں یہودی تہوار کے دوران جنگ بندی میں توسیع کی منظوری دی گئی ہے۔

جنگ بندی کے پہلے روز زندہ یا مردہ یرغمالیوں کی نصف تعداد کو اسرائیل کے حوالے کیا جائے گا۔

اسرائیل کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پہلے سے طے شدہ جنگ بندی کا پہلا مرحلہ ختم ہونے کو تھا۔

19 جنوری کو طے پانے والی جنگ بندی کے تحت حماس اور اسرائیل کے درمیان یرغمالیوں اور قیدیوں کا تبادلہ ہوا، جس میں 25 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے سیکڑوں فلسطینی قیدی رہا کیے گئے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ 251 میں سے 58 اسرائیلی یرغمالی اب بھی غزہ میں قید ہیں، جن میں سے 34 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔