امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی کے درمیان کشیدگی کے بعد فرانسیسی صدر نے دونوں ممالک کے صدور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ ہر کسی کو تحمل کا مظاہرہ اور ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے۔
فرانسیسی صدر کا گفتگو میں کہنا تھا کہ ایک دوسرے کا باہمی احترام ہوگا تو ہم آگے بڑھ سکتے ہیں، اس وقت جو کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے وہ زیادہ اہم ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان گذشتہ روز وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران بار بار جھڑپیں ہوئیں اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔
یوکرینی صدر نے ٹرمپ کو روس کے ساتھ محتاط رہنے کا مشورہ دیا جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان پر گستاخی کا الزام لگایا۔
اس ملاقات کے دوران دونوں کے فکر و نظر میں اختلافات بھی کھل کر سامنے آگئے ہیں۔