فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی ٹیم کو اوسط درجے کے حریف سے رسوائی کا سامنا

عبداللہ بلوچ :

نیوزی لینڈ کی بی ٹیم پاکستان کرکٹ کیلئے وبال جان بن گئی ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز میں چار ایک سے رسوا کن شکست کے بعد کیوی ٹیم تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے خلاف لگاتار تین سیریز میں برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

ساتھ ہی نیوزی لینڈ کے پاس اب پاکستان کے خلاف کم وقت میں دس کامیابی حاصل کرنے کا سنہری موقع میسر ہے۔ کیویز نے پاکستان کو ٹرائی نیشن میں دو بار زیر کیا۔ اس کے بعد چیمئپنز ٹرافی میں شکست دی۔ پھر ٹی ٹوئنٹی سیزیز میں چار ایک سے کچلا اور اب میزبان 29 مارچ سے نیپئر کے میک لین پارک میں شروع ہونے والے تین او ڈی آئی میچز پر مشتمل سیریز میں پاکستان کو کلین سوئپ کرنے کی تاک میں ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ پاکستان ون ڈے اسکواڈ فل اسٹرینتھ کے ساتھ میدان اتارا جائے گا۔ جس میں ’’کنگ‘‘ بابر اور پاکستانی بریڈ مین رضوان بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ نائب کپتان سلمان علی آغا، عبداللہ شفیق، امام الحق، طیب طاہر، ابرار احمد، عاکف جاوید، فہیم اشرف، خوش دل شاہ، محمد علی، محمد وسیم جونیئر، محمد عرفان خان، نسیم شاہ اور سفیان مقیم شامل ہیں۔ اس کے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے اپنی بی ٹیم کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلیک کیپس کی ون ڈے ٹیم میں راچن رویندرا، ڈیون کونوے، گلین فلپس، قومی کپتان مچل سینٹنر اور میٹ ہنری جیسے سپر اسٹار کھلاڑی جلوہ گر نہیں ہوں گے۔ صرف انجرڈ میٹ ہنری کے علاوہ یہ تمام پلیئرز بھارت میں آئی پی ایل کھیلنے میں مصروف ہیں۔ انہی سپر اسٹار کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں ویلنگٹن فائر برڈز کی جوڑی نک کیلی اور محمد عباس کو پاکستان کے خلاف میدان میں اتارا جارہا ہے۔ بائیں ہاتھ سے سوئنگ بالنگ کرنے والے آل راؤنڈر محمد عباس کے ساتھ ساتھ آکلینڈ کے لیگ اسپنر آدتیہ اشوک بھی شامل ہیں۔ اس ٹیم کی قیادت ٹام لیتھم کریں گے۔

محمد عباس پاکستانی نژاد ویلنگٹن کے رہائشی ہیں۔ ان کے والد اظہر عباس لگ بھگ دس برس تک پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ لیکن انہیں کھبی نیشنل ٹیم کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا اور وہ دلبرداشتہ ہوکر ویلنگٹن میں سکونت اختیار کرگئے۔ بعد ازاں اظہر نے ویلنگٹن اور آکلینڈ کیلئے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔ اس کے بعد وہ ایک کامیاب کوچ بن گئے۔ وہ اس وقت ویلنگٹن کے بالنگ کوچ ہیں۔ لاہور میں پیدا ہونے والے محمد عباس نیوزی لینڈ ڈومیسٹک کرکٹ کے ایک بہترین آل رائونڈر بن کر سامنے آئے ہیں۔ انہیں اپنی جگہ پکی کرنے کیلئے ہم وطن ٹیم کے کھلاڑیوں کے خلاف میدان میں اتارا جارہا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو نیوزی لینڈ کی بی ٹیم سے بھی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کی جانب سے دیا گیا 129 رنز کا ٹارگٹ محض دس اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔ اس ناکامی کے حوالے سے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ کا نیا ٹیلنٹ کسی کام کا نہیں رہا۔ اس پوری سیریز میں صرف حسن نواز کی جھلک دیکھنے کو ملی۔ لیکن ان کے پاس بھی کارکردگی دکھانے کا تسلسل موجود نہیں۔

ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ قریب آچکا ہے۔ ٹیم کی بہتری کیلئے مناسب کوچ اور اچھے کھلاڑیوں کو سامنے لایا جائے۔ دریں اثنا نیشام کی تباہ کن بالنگ اور ٹم سائفرٹ کی تہلکہ خیز بیٹنگ نے پاکستانی ٹیم کا بھرکس نکال دیا۔ جبکہ پاکستان کی خراب بیٹنگ پر سوشل میڈیا صارفین خوب جلی کٹی سناتے رہے۔