میانمار،تھائی لینڈ میں زلزلہ:ہلاکتیں 1644 سے متجاوز

منڈلے: میانمار اور تھائی لینڈ میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1644 سے تجاوز کر گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وسطی میانمار کے شہر ساگانگ کے شمال مغرب میں 7.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے چند منٹ بعد ہی 6.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

زلزلے سے میانمار کے مختلف علاقوں میں عمارتیں تباہ ہوئیں، پُل منہدم ہو گئے اور سڑکیں منہدم ہو گئیں جب کہ ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر منڈلے میں بڑے پیمانے پر تباہی دیکھی گئی۔

حکمران جنتا نے ایک بیان میں کہا کہ زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 1644 ہو گئی ہے جبکہ 3 ہزار 408 افراد زخمی اور کم از کم 139 اب بھی لاپتا ہیں۔

مواصلات بری طرح متاثر ہونے کی وجہ سے الگ تھلگ فوجی زیر اقتدار ریاست سے تباہی کے حقیقی اعداد و شمار ابھی تک سامنے نہیں آئے اور ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے۔

امریکی ماہرین ارضیات کے مطابق یہ ایک صدی سے زائد عرصے میں میانمار میں آنے والا سب سے بڑا زلزلہ تھا اور زلزلے کے جھٹکے اتنے طاقتور تھے کہ زلزلے کے مرکز سے سیکڑوں کلومیٹر دور بینکاک میں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔