بولٹن میں یوکے اسلامک مشن کی جانب سے دعوتِ افطار

لندن (پ۔ر) یو کے اسلامک مشن ہر سال رمضان المبارک کے مہینے میں اپنے مراکز میں افطار کی دعوت کا اہتمام کرتی ہے جس میں مسلم کے علاوہ غیر مسلم کمیونٹی بھی شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ اس سال یو کے اسلامک مشن بولٹن برانچ نے پہلی بار افطاری کی دعوت کا اہتمام ایک گرجے میں ہال کرائے پر لے کر کیا جس میں پاکستانی اور ترک مسلمانوں کے علاوہ مقامی غیر مسلم کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔غیر مسلم کمیونٹی نے اس دعوت میں شرکت کر کے خوشی محسوس کی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ برطانیہ اب ایک کثیر النسل اور مذہب ملک بن چکا ہے، برطانیہ میں مقیم مختلف کمیونیٹز کے درمیان اچھے تعلقات بنانے کے لیئے ایسی تقریبات کی اشد ضرورت ہے جہاں وہ ایک دوسرے کی تہذیب و مذہب کو سمجھ سکیں اور ایک دوسرے کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکے۔یوکے اسلامک مشن کے صدر ڈاکٹر سید مجاہد شیرازی صاحب نے یوکے اسلامک مشن بولٹن برانچ کی پوری ٹیم کو اس تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم بولٹن میں مقیم مسلمان نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ غیر مسلم کمیونٹی تک اسلام کی دعوت پہنچانے کے لیئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ غیر مسلم شرکاء نے روزے کے مقصد اور اسلام کو سمجھنے میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔فاروق امام اور ان کی بیٹی نے ایک مذاکرے کی صورت میں روزے کے حوالے سے انگریزی میں گفتگو پیش کی، باسل امام نے انگریزی میں یوکے اسلامک مشن کے تعارف اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ انگریز نو مسلم حمزہ نے اپنے اسلام لانے کے بارے میں بتایا کہ وہ پیشے کے اعتبار سے ایک گلوکار تھے مگر ان کی زندگی میں سکون نہیں تھا وہ سکون کی تلاش میں اسلام تک پہنچے اور اسلام قبول کرنے کے بعد ان کی زندگی میں سکون آ گیا۔
پروگرام کے اختتام پر غیر مسلم شرکاء کو قرآن مجید کے تراجم تحفے میں پیش کیئے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔