روس نے یوکرین کے شہر خارکیو میں ڈرون حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک 32 زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کے باعث متعدد مکانات جل گئے، جبکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد ریسکیو ٹیمیں رات بھر ملبے تلے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف رہیں۔
یوکرین کے شہر خارکیو کے میئر Ihor Terekhov نے ٹیلی گرام اخبار کو بتایا کہ روسی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر پانچ ہو گئی ہے، ریسکیو ٹیم کو چار لاشیں ملی ہیں اور ایک کو ملبے سے نکالا گیا، یہ تمام مرنے والے روسی جارحیت کا شکار بنے۔ اس کے علاوہ اس واقعے میں 35 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
استغاثہ ڈرون حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے لیے تفتیش کر رہے ہیں۔ پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر کے مطابق، زخمی ہونے والے 35 افراد میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ دفتر متاثرین کے بارے میں مزید معلومات اکٹھا کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوکرینی شہر خارکیف کو گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تقریباً ہر رات مسلسل روسی ڈرون حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ حکام کے مطابق روسی حملوں نے شہر کے کارخانوں، بنیادی ڈھانچے اور دیگر اہم سہولیات کو نقصان پہنچایا ہے۔