اسلام آباد(امت نیوز)وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان کے پاس مستند انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ اگلے 24-36 گھنٹوں میں پہلگام واقعہ سے جڑے بے بنیاد اور خود ساختہ الزامات کو بنیاد بنا کر بھارت، پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نےکہا ہے کہ پاکستان ، بھارت کا خطے میں جج، جیوری اور جلاد کا خود ساختہ کردار سختی سے مسترد کرتا ہے
پاکستان خود دو دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور دُنیا میں کسی بھی شکل میں دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے ۔پہلگام حملے کے بعد پاکستان نے ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے سچائی کا پتہ لگانے اور اس کے محرکات جاننے کے لئے کھلے دل سے آزادانہ اور غیر جانبدار انہ تحقیقات کی پیشکش کی۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت نے غیر معقولیت اور تصادم کے راستے پر چلنے کا انتخاب کیا جو کہ خطے اور دنیا میں تباہ کن نتائج کا باعث ہو گا ۔غیر جانبدارانہ تحقیقات سے فرار بذات خود بھارت کے اصل مقاصد کو بے نقاب کرنے کے لیے بڑا ثبوت ہے۔
سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جان بوجھ کر عوامی جذبات کو بھڑکا کر اس طرح فیصلے کرنا بدقسمت اور افسوسناک ہےپاکستان اس بات کا واضح اعادہ کرتا ہے کہ بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔بین الاقوامی برادری کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جنگ سے ہونے والے تباہ کن نتائج کی ذمہ داری صرف اور صرف بھارت پر عائد ہو گی۔پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔