بہاولنگر میں افسوسناک واقعہ، آوارہ کتوں کے حملے میں 12 سالہ طالبہ جاں بحق

واقعہ منڈی مدرسہ کے قریب عاکوکا ہٹھاڑ کی بستی یاسین کا میں پیش آیا، جہاں طالبہ ریحانہ مدرسے میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے جا رہی تھی

November 8, 2026 · قومی
بہاولنگر میں افسوسناک واقعہ، آوارہ کتوں کے حملے میں 12 سالہ طالبہ جاں بحق

بہاولنگر میں افسوسناک واقعہ، آوارہ کتوں کے حملے میں 12 سالہ طالبہ جاں بحق

بہاولنگر کے نواحی علاقے میں آوارہ کتوں کے حملے نے ایک کمسن بچی کی جان لے لی۔ درجن سے زائد کتوں نے 12 سالہ طالبہ کو گھیر کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق واقعہ منڈی مدرسہ کے قریب عاکوکا ہٹھاڑ کی بستی یاسین کا میں پیش آیا، جہاں طالبہ ریحانہ مدرسے میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے جا رہی تھی کہ راستے میں آوارہ کتوں نے اسے گھیر لیا اور بری طرح زخمی کر دیا۔

کتے بچی پر مسلسل حملہ کرتے رہے اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی۔ افسوسناک واقعے نے علاقے میں آوارہ کتوں کے مسئلے اور شہریوں، خصوصاً بچوں کی حفاظت کے حوالے سے تشویش پیدا کر دی ہے۔