تہران:ایران نے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ساتھ تعاون اور جاسوسی کے الزام میں ایک ’ جاسوس’ کو پھانسی دے دی۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی عدلیہ نے اپنی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ میزان ’ کے ذریعے بتایا کہ محسن لنگرنشین کو موساد کے ساتھ تعاون کرنے کے الزام میں بدھ کی صبح پھانسی دی گئی۔ایرانی خبررساں ایجنسی’ میزان ’ کے مطابق محسن لنگرنشین نے 2020 سے دو سال تک موساد کو وسیع پیمانے پر’ لاجسٹک، تکنیکی اور آپریشنل مدد’ فراہم کی تھی۔
محسن لنگرنشین پر عائد کردہ اہم الزامات میں سے ایک مئی 2022 میں پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی ) کے کرنل صیاد خدائی کے قتل میں اس کا ملوث ہونا تھا، جنہیں تہران میں گھر جاتے ہوئے دو موٹر سائیکل سواروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق اسرائیل نے امریکہ کو اطلاع دی تھی کہ وہ ( اسرائیل ) اس قتل کا ذمہ دار ہے۔
میزان نے رپورٹ کیا کہ محسن لنگرنشین نے کرنل صیاد خدائی کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لئے ایک موٹر سائیکل خریدی، پھر معلومات موساد تک پہنچائی اور قتل کے وقت وہ خود بھی موجود تھا۔ اس کے علاوہ اس پر اصفہان میں ایرانی وزارت دفاع اور مسلح افواج کی لاجسٹکس سے متعلق ایک صنعتی سائٹ پر حملے میں سہولت کاری کرنے کا بھی الزام لگایا گیا تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos